5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
عطاآباد جھیل کے اسپل وے سے پانی کے اخراج میں اضافہ
جنگ نیوز -
ہنزہ…عطاآباد جھیل کے اسپل وے کو چوڑا کرنے کے لئے آج تیسرے روز بھی معمولی نوعیت دھماکوں کا سلسلہ جاری رہاجس کے باعث اسپل وے کی چوڑائی میں اضافہ ہوا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اسپل وے میں موجود پتھروں کو دھماکوں کے ذریعے ہٹانے کے بعد اسپل وے میں پانی کااخراج مسلسل بڑھ رہا ہے تاہم اسپل وے سے پانی کے مزیداخراج کو ممکن بنانے کے لئے اسپل وے میں معمولی نوعیت کے دھماکوں کاسلسلہ آج تیسرے روز بھی جاری رہا۔اس کارروائی کے باعث اسپل وے کی چوڑائی92فٹ سے بڑھ کر116 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ادھر شروع کی گئی کشتی سروس سے ابتدائی طورپر تجارتی سامان کے علاوہ تحصیل گوجال کے لوگوں کے لئے امدادی سامان کی نقل و حمل کی اجازت دی گئی۔سرکاری ذرائع کاکہناتھا کہ بیک وقت دو کشتیاں جھیل میں سفر کریں گی تاکہ کسی بھی حادثے کے پیش نظردوسری کشتی مدد کے لئے موجود رہے ،جبکہ کشتی میں لائف جیکٹس کے بغیرکسی کو سفر کرنے کی اجازت نہیں۔ آج عطا آباد جھیل میں پانی کی آمد11300 کیوسک بتائی گئی ہے جبکہ مختلف گلیشئرز سے پگھل کر جھیل میں آنے والے13 نالوں کے پانی کی ریڈنگ لینے کا کوئی انتظام موجود نہیں ہے۔ جھیل میں داخل ہونے والے اس پانی کی مجموعی مقدار چار سے پانچ ہزار کیوسک بتائی جاتی ہے۔اسپل وے کو چوڑا کرنے کے بعد اسپل وے کے ذریعے پانی کے اخراج میں بھی بتدریج اضافہ ہورہا ہے جو12 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے۔