5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ2ہلاک،6 موٹر سائیکل اور دکانیں نذر آتش
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم افراد نے6 موٹر سائیکلوں، ہوٹل اور متعدد دکانوں کو آگ لگا دی جبکہ موقع پر موجود4 پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین لیا،جبکہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک اورایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔پولیس حکام کے مطابق گذشتہ روز شاہ فیصل کالونی میں جاں بحق ہونے والے سیاسی جماعت کے کارکن وقار عالم کی نمازہ جنازہ ادا کی جارہی تھی کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی اور موقع پر پہنچ کر ہنگامہ آرائی کی۔ جس کے نتیجے میں2افراد شانواور یاسر ہلاک اور ایک پولیس اہلکار ذوالفقار زخمی ہوگیا،مسلح افراد نے ایک ٹرک ،6موٹر سائیکلوں،درجن بھر سے زائد دکانوں اور پتھاروں کو نذرآتش کردیا ،کشیدہ صورت حال کے باعث پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو شاہ فیصل کالونی نمبر1،2میں طلب کرلیا ،جس پر رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچنے کے بعد متعدد شرپسندوں کو گرفتار بھی کیا۔ علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے جبکہ دکانیں اور کاروبار مکمل طور پر بندہے۔ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کردی گئی ہیں۔کراچی شہرکے مختلف علاقوں میں سندھ رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ اور دیگر وارداتوں میں ملوث62افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گذشتہ روز ہونے والے ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم کے واقعات میں سندھ رینجرز نے کورنگی،شاہ فیصل کالونی ،لائنز ایریا،سچل گوٹھ،اورنگی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں سے چھاپوں اور سرچ آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلنگ اور مختلف وارداتوں میں ملوث62افراد کو گرفتار کرلیااور ابتدائی تفتیش کرنے کے بعد تمام ملزمان کو اسلحہ سمیت رینجرز نے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔