5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
’او پی ایف‘ کا آئندہ مالی سال کیلئے دو ارب21 کروڑ روپے کا بجٹ منظور
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اوورسیز پاکستانیز فاوٴنڈیشن (او پی ایف) کے آیندہ مالی سال کے لیے2 ارب 21 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کرلیا گیا ہے جس میں ایک ارب 10 کروڑ روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ ہوں گے۔ یہ بات وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز فاروق ستار نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیز فاوٴنڈیشن کے بورڈ آف گورنر کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اوورسیز پاکستانیز فاوٴنڈیشن کے آیندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ یہ بجٹ رواں مالی سال کی نسبت 12 کروڑ روپے کم ہے۔ فاروق ستار نے بتایا کہ عراق جنگ کے44 ہزار متاثرین کو 17 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ ان متاثرین کو مزید 50کروڑ روپے تقسیم کیے جانے کی تجویز سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی، نیز ستائیس ہزار مسترد کلیم درخواست گزاروں کو بھی 50کروڑ روپے تقسیم کرنے کی تجویز سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔ او پی ایف 14 اگست کو 150 بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پلاٹس کا قبضہ دے گی اور جون 2011 تک 2 ہزار پلاٹس کا قبضہ دیا جائے گا۔