5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
ایشیائی ترقیاتی بنک کے72کروڑ ڈالر کی فراہمی کے معاہدے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن سلطان حلیم نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے لیے 72 کروڑ ڈالر کی فراہمی کے لیے معاہدے کرچکا ہے جبکہ مزید40کروڑ ڈالر کی منظوری 30جون تک متوقع ہے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آ باد میں ایشیائی ترقیاتی بینک اور اقتصادی امور ڈویژن کے درمیان معاہدے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2009میں پاکستان کے لیے 3 سال میں 4ارب 50 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا پروگرام ترتیب دیا تھا۔ گزشتہ مالی سال ایک ارب 50 کروڑ ڈالر پاکستان کو ملے اور رواں مالی سال کے اختتام مجموعی طور پر ایک ارب 20 کروڑڈالر ملنے کی توقع ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر رونے اسٹروم نے کہا ہے کہ بینک اس بات کو اہمیت دیتا ہے کہ فنڈز بروقت پاکستان کو فراہم ہورہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بینک پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیے2 ارب 90 کروڑ ڈالر کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ اس سے پہلے اسسٹنٹ چیف سکیریٹری سندھ اورنگ زیب حق نے 12 کروڑ اور سیکریٹری صحت پنجاب نے 15 کروڑ ڈالر کے معاہدوں پر دست خط کیے۔