5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
خان خواڑ ہائڈل منصوبے کی60کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن مکمل
جنگ نیوز -
بشام…نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی نے بشام میں نو تعمیر شدہ 72 میگا واٹ کے خان خواڑ ہائڈل منصوبے کے لئے 60 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن مکمل کر لی ہے۔ این ٹی ڈی سی کے چیف انجنیئر شرافت علی سیال نے بشام سے جیو نیوز کو بتایا کہ خان خواڑ ہائڈل منصوبے سے 72 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں لانے کے لئے 132 کے وی کی ہائی پاور ٹراسنمیشن لائن کی تنصیب کا کام تین سال میں مکمل کیا گیا ہے، اور اس کو بشام سے مانسہرہ کے بٹل گرڈ سٹیشن کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے سے بجلی کی پیداوار کے حصول کے لئے لائن کو انرجائز کرنا ایک اہم پیش رفت ہے اور آئندہ دو ہفتوں میں منصوبے سے بجلی کی پیداوار حاصل ہونا شروع ہو جائے گی۔ ٹرانسمیشن لائن کی کمیشننگ سے منصوبے کے ابتدائی ٹیسٹنگ فیز کو جلد مکمل کیا جا سکے گا۔ اس ٹراسمیشن لائن کو الائی خواڑ اور دبیر خواڑ منصوبوں سے بجلی کی ترسیل کے لئے استعمال کیا جا سکے گا جن سے 130 اور 121 میگا واٹ بجلی حاصل ہو سکے گی۔