5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
کراچی،بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے خلاف امتناع
جنگ نیوز -
کراچی . . . سندھ ہائی کورٹ نے کے ای ایس سی کی جانب سے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی وصولی کے خلاف بھی دس اگست تک حکم امتناع جاری کردیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں کے ای ایس سی کی نجکاری ، بجلی کی قیمت میں اضافے اور فیول ایڈجسمنٹ چارجز کی وصولی کے خلاف آئینی درخواست دائر کی گئی ہے۔عدالت عالیہ اس سے پہلے بجلی کی قیمت میں اضافے کے خلاف بھی حکم امتناع جاری کرچکی ہے۔درخواست گذار کا موقف ہے کہ کے ای ایس سی کی نج کاری خلافِ قانون ہے ۔ کے ای ایس سی کی انتظامیہ وقتاً فوقتاً بجلی کی قیمت میں جو اضافہ کرتی ہے اس کی بھی قانون میں گنجائش نہیں ۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کے ای ایس سی فیول سے تقریباً 50 فیصد بجلی پیدا کرتی ہے اور باقی واپڈا اور دیگر ذرائع سے حاصل کرتی ہے لیکن فیول ایڈجسمنٹ چارجز پورے بل کی بنیاد پر وصول کئے جاتے ہیں ۔ عدالت نے وکلا کے دلائل کی سماعت کے بعد فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی وصولی کے خلاف یکم اپریل سے دس اگست تک کے لئے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے سماعت دس اگست تک ملتوی کردی۔