5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
عطاآباد جھیل کے اسپل وے کی چوڑائی118فٹ تک پہنچ گئی
جنگ نیوز -
ہنزہ…عطا آباد جھیل کا اسپل وے چوڑا کرنے کے لئے کام جاری ہے، اسپل وے کی چوڑائی 118 فٹ تک پہنچ چکی ہے ، جب کہ پانی کا اخراج 15530 کیوسک سے زائد ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق عطا آباد جھیل کے اسپل وے کو چوڑا کرنے کے لئے جھیل کے بائیں جانب موجود بولڈرز کو ہٹانے کے لئے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے اہلکار ماہرین کی نگرانی میں کم نوعیت کے دھماکوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں اسپل وے کی چوڑائی 118 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اس کاروائی کے بعد سے اب تک جھیل سے پانی کے اخراج کی مقدار میں سات ہزار کیوسک کا اضافہ ہوگیا ہے اور اسپل وے سے پانی کا بہاؤ 15530 کیوسک سے زائد ہوگیا ہے۔دوسری جانب عطا آباد جھیل میں کشتی سروس کے ذریعے تجارتی سامان کی نقل و حمل بھی جاری ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق جھیل میں مسافروں کو سفر کی اجازت دینے سے متعلق تاریخ کا اعلان آج کیا جائے گا اور ماہرین کی ایک ٹیم عطا آباد جھیل سے ملحقہ اس پہاڑ کا جائزہ لے گی جس کے ایک حصے کے پھٹنے سے دریائے ہنزہ کا بہاؤ رک گیا اور یہ جھیل وجود میں آئی۔