5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
بھارت نے پاکستان جانے والے بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا
جنگ نیوز -
کلکتہ . . . بھارت نے مغربی بنگال کی بندرگاہ پر پاکستان جانے والے ایک بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا ہے، بھارتی حکام کا دعوی ٰ ہے کہ جہاز میں دھماکا خیز مواد لے جایا جارہا تھا ۔بھارتی ذرائع کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ لائبیریا میں رجسٹرڈ مال بردار بحری جہاز بنگلا دیش سے پاکستان جارہا تھا۔ جہاز میں تقریباً پانچ ٹن ملٹری کارگو موجود ہے اور سامان کا کچھ حصہ مغربی بنگال کی بندرگاہ پر اتارنا تھا ۔ بھارتی حکام کے مطابق چیکنگ کے دوران جہاز میں دیگر سامان کے ساتھ اسلحے اور دھماکا خیز مواد سے بھرے دو کنٹینر بھی پائے گئے۔ بھارتی نیوی ، کوسٹ گارڈ ، کسٹمز اور پولیس کے اہل کار اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں کہ جہاز کے عملے نے اسلحے اور دھماکا خیز مواد کی موجودگی کی اطلاع کیوں نہیں دی اور یہ کھیپ قانونی ہے یا غیر قانونی ۔ذرائع کے مطابق جہاز میں اینٹی ائر کرافٹ گنیں ، راکٹ لانچرز اور دھوئیں کے بم جیسا اسلحہ موجود ہے۔