5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
سارک ممالک دہشتگردی،انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون پر راضی
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . سارک وزرا داخلہ کانفرنس نے دہشت گردی اور اسمگلنگ کے خلاف علاقائی تعاون کی قراردادیں منظور کرلی ہیں جب کہ بھارت نے دہشت گردی کو خطے کا بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف باہمی تعاون موثر بنانے پر زور دیا ہے ۔سارک وزرا داخلہ کانفرنس کی صدارت وزیرداخلہ رحمان ملک نے کی جس میں انسداد دہشت گردی اور منشیات اسمگلنگ کے خلاف تعاون کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ رحمان ملک نے افتتاحی خطاب میں کانفرنس کے اغراض اور مقاصد بیان کئے اور علاقائی تعاون کے لئے پاکستان کی پالیسی کو بھی پیش کیا۔ کانفرنس سے خطاب میں بھارتی وزیرداخلہ چدم برم نے کہا کہ دہشت گردی سے علاقائی تعاون اور خطے کی معاشی ترقی متاثرہورہی ہے۔ انسداد دہشت گردی کے لئے سارک کے تمام کنونشنز کی پاسداری ہونی چاہیئے اور انسداد دہشت گردی کے عالمی کنونشن کو جلد اپنا لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کی سازشوں کے خطرات سے بچنے کے لئے سارک ممالک میں معلومات کا موثرتبادلہ ہوناچاہیے۔ وزرا داخلہ کانفرنس کے شرکا نے دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے خلاف اور انسانی اسمگلنگ روکنے میں تعاون کے لئے قراردادیں بھی منظور کیں۔