5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
مالدوا کا اپنے علیحدہ مشرقی حصے سے روس کو ا فواج باہر نکالنے کا حکم
جنگ نیوز -
چسیناؤ . . . جنگ نیوز . . . مالدوا نے روس کو اپنے علیحدہ مشرقی حصے سے فوج باہر نکالنے کا حکم دیدیا۔ مالدوا کے مشرقی حصے ٹرانسڈینسٹر میں روس نے 1991ء میں سوویت یونین ٹوٹنے کے فوری بعد اپنی فوج بھجوائی تھی جو وہاں گزشتہ 20 سال سے زائد عرصہ سے تعینات ہے۔ مالدوا کے صدر میہائی گھمپو نے روس سے کہا ہے کہ وہ ٹرانسڈینسٹر سے شفاف طریقہ کار اور کسی شرط کے بغیر نکل جائیں۔ پہلی مرتبہ مالدوا کی لیڈر شپ نے روس سے براہ راست اس قسم کا مطالبہ کیا ہے۔ مالدوین صدر کے مطابق روسی قیادت نے 1999ء میں استنبول میں سیکورٹی کانفرنس کے دوران وہاں سے فوج کے انخلاء کا وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہیں ہوا۔ ٹرانسڈینسٹر نے مالدوا کے رومانیہ کے ساتھ الحاق کے خدشے کے پیش نظر علیحدگی اختیار کرتے ہوئے مالدوا کی فوج سے 1992ء میں باضابطہ جنگ کی جس میں 15 سو افراد مارے گئے تھے۔ مالدوا سابق سوویت ریاست ہے جو رومانیہ اور یوکرائن کے درمیان واقع ہے وہاں روسی پہلی زبان کے طور پر بولی جاتی ہے۔ مالدوا میں رواں سال صدر کی مدت تعیناتی میں توسیع کیلئے ریفرنڈم ہو گا اور مالدوین صدر کے اس بیان کو عوامی حمایت کے حصول کا ایک اقدام قرار دیا جارہاہے۔