5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
زرداری صاحب اور مشرف میں ہم آہنگی تھی، نواز شریف
جنگ نیوز -
سیالکوٹ . . . مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا موجودہ رویہ عدلیہ کے احکامت سے رو گردانی کرنے کا ہے، انہیں عدالتی احکامات ماننا ہونگے، اگر حکومت نہ ایسا نہ کیا تو ہم انہیں مجبور کرینگے کہ وہ عدلیہ کے آگے سر تسلیم خم کریں۔ سیالکوٹ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد ہم نے پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ تسلیم کیا اور حکومت پر زور دیا کہ آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف ایکشن لیا جائے ، قوم چاہتی ہے آمروں کوکٹہرے میں لایا جائے، تاہم ہم نے دیکھا کہ زرداری صاحب اورپرویزمشرف کے درمیان ہم آہنگی تھی، اس ہم آہنگی ہی کے باعث پرویزمشرف کوباہرجانے دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف کومفاہمت کے تحت ملک سے باہرجانے دیا، میک کرسٹل کی طرح پرویزمشرف کیخلاف ایکشن ہوناچاہیے تھا، ہم آہنگی کے تحت اگرایک دوسرے کوتحفظ دیاگیاتویہ غلط ہے۔ انہوں نے عدالتوں سے اپیل کی کہ وہ ان معاملات کا از خود نوٹس لیں، ظلم وزیادتی کے مرتکب افرادعدالتوں میں پیش کیے جائیں۔ میاں نواز شریف نے اس تاثر کی نفی کی کہ وہ فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرینڈلی اپوزیشن ہوتی تولانگ مارچ میں نہیں جاتا، لانگ مارچ کی تاریخ وکلانے طے کی تھی جسکی ہم نے حمایت کی اور لانگ مارچ کی وجہ سے ججوں کوبحال کیا گیا۔