5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
گبون : 8 لاکھ افراد کی نسل کشی میں ملوث ملزم گرفتار
جنگ نیوز -
کیگالی . . . جنگ نیوز . . . افریقی ملک گبون میں پولیس نے 1994ء میں 8 لاکھ توتسی اور ہوتو قبائل کی نسل کشی میں ملوث راونڈا کا ڈاکٹر گرفتار کرلیا۔ یہ بات روانڈا کے پراسیکیوٹر جنرل کے ترجمان نے اخبار نویسوں کو بتائی۔ ترجمان نے کہا کہ گیبون اور روانڈا کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں تاہم مشتبہ ڈاکٹر کو انٹروپول کے حوالے کر دیا گیا۔ روانڈا ملزم کی حوالگی کیلئے قانونی راستہ اختیار کرے گا۔ روانڈا کے ڈاکٹر جین کرسوٹم پر الزام تھا کہ وہ 1994ء میں 8 لاکھ سے زائد ہوتو اور توتسی قبائل کے قتل عام کی سازش میں براہ راست ملوث تھا۔ ڈاکٹر نے لوگوں کو ہوتو اور توتسی قبائل کے قتل عام پر اکسایا اور نسل کشی کی سازش بھی اس نے تیار کی۔اگرچہ ڈاکٹر کا نام انتہائی مطلوب گیارہ افراد کی فہرست میں شامل نہیں تاہم اس پر روانڈا یا تنزانیہ کی عدالتوں میں مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔