5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
رحیم یار خان، تین بچوں سمیت خودکشی کرنے والی عورت کی شناخت ہو گئی
جنگ نیوز -
رحیم یار خان . . . رحیم یار خان میں تین بچوں سمیت خودکشی کرنے والی عورت کی شناخت ہو گئی۔آج رحیم یار خان میں معاشی حالات اور شوہر کے تشدد سے تنگ آکر ایک عورت نے اپنے تین بچوں سمیت ٹرین کے نیچے آکر خود کشی کر لی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق رحیم یار خان کے بابا غریب شاہ کی رہائشی خاتون مسمات بشیراں نے اپنی بیٹی ثمینہ اور دو بیٹوں وقاص اور ریاض کے ساتھ صدر تھانے کے علاقے پیر شہیداں کے مقام پر لاہور سے کراچی جانے والی ملت ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کر لی۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں دو سے دس سال تک ہیں، جبکہ خاتون سمیت چاروں لاشوں کو شیخ زاید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈی پی او کے مطابق ان لوگوں نے خودکشی کی ہے۔ ٹرین ڈرائیور نے بتایا کہ کہ ایک بچے نے ریلوے ٹریک سے بھاگنے کی کوشش کی تو اس کی ماں نے اس کو زبردستی پکڑ لیا۔ اہل علاقہ کے مطابق بچوں کے ساتھ خودکشی کرنے والی عورت نے صبح کے وقت بچوں کو ناشتا کرایا اور ڈاکٹر سے بچوں کا معائنہ کرانے کیلئے اپنے ساتھ لیکر نکلی تھی، جبکہ گھر کے معاشی حالات انتہائی ابتر تھے۔ شوہر یعقوب بیوی پر تشدد کرتا تھا جو جوا کھیلتا اور نشہ بھی کرتا ہے۔