5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
مذموم مقاصد کیلئے بابراعوان پیسے بانٹ رہے ہیں، نواز شریف
جنگ نیوز -
سیالکوٹ. . . . . . .مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ وزیرقانون بابر اعوان بریف کیس لے کرچیف جسٹس کے خلاف وکلا کی لابی پیدا کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ صدر آصف زرداری نے انڈرسٹینڈنگ کے ساتھ مشرف کو بیرون ملک فرار کا موقع دیا جبکہ اس کا حال بھی امریکی جنرل مک کرسٹل جیسا ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے عدالتوں سے کراچی میں بارہ مئی کے واقعات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔سیالکوٹ میں ایم این اے خواجہ آصف کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے نیک نیتی کے تحت میثاق جمہوریت پر دستخط کئے اور حکومت میں شامل ہوئے لیکن مایوس ہوکر حکومتی اتحاد سے نکلے۔انہوں نے کہا کہ وہ آمر کا ٹرائل چاہتے تھے، لیکن آصف زرداری کی مشرف سے انڈر سٹینڈنگ تھی اورانہیں باہرجانے دیا۔انہوں نے کہا کہ عوام آمر کو کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہیں،جس طرح جنرل مک کرسٹل کیخلاف کارروائی کی گئی ایسی کارروائی مشرف کیخلاف بھی کی جائے۔نوازشریف نے کہا کہ لال مسجد آپریشن، بگٹی کا قتل اور آئین کو پامال کرنے والے کو گارڈ آف آنر دیا گیا،جن لوگوں نے عدالتوں کو توڑا، ججوں کو پکڑا، کراچی میں 48 لاشیں گرائیں، انہیں گلے لگایا گیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالتیں کراچی کی 48 لاشوں کا سو موٹو نوٹس لیں۔نوازشریف نے کہا کہ عدلیہ کی بحالی کیلیے لانگ مارچ میں مسلم لیگ(ن)نے اہم کردار ادا کیا،اور مارچ میں ساتھ چلنے والوں کو سلیوٹ کرتے ہیں۔نوازشریف نے کہا کہ انہیں فرینڈلی اپوزیشن کا طعنہ دیا جاتا ہے،اگر فرینڈلی اپوزیشن ہوتے تو لانگ مارچ میں نہ جاتے اور اندر ہی ساز باز کرلیتے۔انہوں نے کہا کہ این آر او پر حکومت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا۔نوازشریف نے کہا کہ وہ بکے ہوئے ججوں کو عدالتوں میں برداشت نہیں کرسکتے تھے، ان ججوں کی وفاداری مشرف کے ساتھ تھی،لیکن وہ پاکستان کے دوست ججوں کو عدالتوں میں بٹھانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج بریف کیس لے کر بابراعوان صاحب پورے پاکستان میں گھوم رہے ہیں، وکلا میں کروڑوں روپے تقسیم کئے جارہے ہیں اور ایسے گھناؤنے کام کیلئے پی اے ایف کے جہازاستعمال کئے جارہے ہیں۔