5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سارک ممالک میں اتفاق ہوا ہے،رحمان ملک
جنگ نیوز -
اسلام آباد. . . . . . .وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ سارک ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تعاون پر اتفاق ہوا ہے،ادھر بھارتی وزیر داخلہ چدم برم نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کے تحقیقاتی عمل پر پاکستان کواپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔سارک وزرائے داخلہ کانفرنس کے اختتام پرپریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ کانفرنس میں تمام قراردادیں متفقہ طور پرمنظور کی گئیں ۔ان کا کہنا تھا کہ بین المذاہب ہم آہنگی ہونی چاہیے ، دنیا کا کوئی مذہب دہشت گردی کا پرچار نہیں کرتا،انٹرپول کی طرز پر سارک پول کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سارک ممالک کہیں بھی دہشت گردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے اور اگلے سال سارک وزرائے داخلہ کانفرنس بھوٹان میں ہو گی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پاکستان سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہے ۔اس سے پہلے پریس کانفرنس میں بھارتی وزیر داخلہ چدم برم نے کہا کہ پاکستانی ہم منصب سے بہت سے معاملات پر بات چیت ہوئی ، مثبت نتائج کی توقع ہے، ان کا کہنا تھا کہ ممبئی حملوں کے بعد پاک بھارت مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے ، ممبئی حملوں کے حوالے سے تحقیقاتی عمل پر پاکستان کواپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے جب کہ پاکستان نے بھی بعض تحفظات کا اظہار کیا ہے۔