5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
فٹبال ورلڈ کپ،آج روایتی حریف جرمنی اور انگلینڈ مد مقابل
جنگ نیوز -
جوہانسبرگ…فٹبال ورلڈ کپ میں آج روایتی حریف جرمنی اور انگلینڈ کی ٹیمیں پری کوارٹر فائنل میں مدمقابل ہوں گی، جب کہ دوسرے میچ میں ارجنٹینا کی ٹیم میکسیکو سے مقابلہ کرے گی۔جرمنی اور انگلینڈ کا مقابلہ پاکستانی وقت کے رات7بجے ہو گا، جب کہ ارجنٹینا اور میکسیکو کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے11بجے کھیلا جائے گا۔ جرمنی اور انگلینڈ کے میچ پر دنیا بھر کی نظریں ہیں جس کی وجہ صرف فٹبال نہیں بلکہ اور بہت کچھ بھی اس میچ کو اہم بناتا ہے۔جس طرح کرکٹ کے میدان میں پاکستان اور بھارت کا میچ صرف کرکٹ کا مقابلہ نہیں ہوتا۔ اس طرح فٹبال کے میدان میں جب جرمنی اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوتی ہیں تو میچ صرف فٹبال کا نہیں ہوتا، بلکہ دونوں ملکوں کی تاریخ کا ٹکراؤ ہوتا ہے۔ جرمنی اور انگلینڈ کا معاملہ بھی کچھ پاکستان اور بھارت جیسا ہی ہے۔ دوسری جنگ عظیم میں ہٹلر کی پالیسی اور اس کے جواب میں برطانوی اعلان جنگ وہ امر ہے جو ہمیشہ ہی ان دونوں ملکوں کے درمیان ہر مقابلے کو غیر معمولی اہم بنادیتے ہیں اور جب میدان میں یہ دونوں ٹیمیں اترتی ہیں تو کھلاڑی بھی اکثر آپس میں گھتم گھتا ہوجاتے ہیں۔ فٹبال کے میدان میں دونوں ٹیمیں روایتی حریف 1966 کے ورلڈ کپ فائنل کے بعد بنیں۔ اس فائنل میں ایکسٹرا ٹائم پر انگلینڈ نے متنازعہ طور پر فتح حاصل کی تھی اور میچ مکمل ہونے سے قبل ہی انگلش فینز میدان میں آگئے تھے ۔ اس کے بعد 1970 کے ورلڈ کپ میں جرمنی نے انگلینڈ کو شکست دے کر چار سال پرانی شکست کا بدلہ چکادیا، لیکن فٹبال کے میدان میں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے انگلینڈ کو اپنا روایتی حریف بھی قرار دے دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ستائیس انٹرنیشنل میچز ہوئے ہیں اور دونوں ہی ٹیموں نے بارہ ، بارہ میچز جیتے جبکہ تین میچز ڈرا ہوئے ہیں؛ اور اب اتوار کو ہونیوالے میچ پر دنیا بھر کی نظریں مرکوز ہیں کہ کون سی ٹیم یہ میچ جیت کر حریف پر برتری ثابت کردے گی۔