5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
گوادر،طوفان کے ایک ماہ بعد بھی بحالی کا عمل شروع نہیں ہو سکا
جنگ نیوز -
گوادر…گوادر میں طوفانی بارشوں کو گزرے ایک مہینہ پورا ہونے کو ہے لیکن تاحال متاثرین کی بحالی کا عمل شروع نہیں ہوسکا ہے۔گوادر میں 4 اور 5 جون کو ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد ہزاروں گھر منہدم اور سینکڑوں کشتیاں تباہ ہوئیں تھیں جب کہ مال مویشی اور زراعت مکمل طور پر ختم ہوگئی تھی۔ذریعہ معاش ختم ہونے کے باعث متاثرین ناصرف نفسیاتی مسائل کا شکار ہورہے ہیں بلکہ حکومتی امداد ختم ہونے کے باعث فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔حکومتی توجہ سے محروم یہ افراد آج بھی اپنے گھروں کے ملبے پر بے سروسامانی کے عالم میں رہنے پر مجبور ہیں،جبکہ حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے سروے کا کام انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ دوسری جانب صوبائی حکومت کی جانب سے متاثرین کے لئے فوری امداد کے طور پر اعلان کردہ پانچ ہزار روپے امداد کی مکمل ادائیگی نہیں کی جاسکی ہے۔طوفانی بارشوں کے تیسرے روز صوبائی حکومت کی جانب سے تین تحصیلوں گوادر ،پسنی اور جیونی کو آفت زدہ قرار دیا گیا تھا لیکن لوگوں کو پانی، بجلی، گیس اور دیگر سہولتوں کی مد میں چارجز کی ادائگی میں چھوٹ نہیں مل سکی ہے۔جیونی کے متعدد علاقوں میں بارشوں کے بعد صفائی کے لئے فوری اقدامات نہیں ہونے کی وجہ سے ڈائریا اور گیسٹرو کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔