5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
دادو :ڈاکوؤں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، جوابی فائرنگ پرفرار
جنگ نیوز -
دادو …دادو کے نوگوایریابورری میں قائم پولیس چیک پوسٹ پر ڈاکوؤں نے حملہ کیا تاہم جوابی فائرنگ کے بعد ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ڈی پی او دادو غازی صلاح الدین کی جانب سے دادو کے نو گو ایریا بورری میں امن قائم ہونے کے تمام تر دعووٴں کے باوجود ، ڈاکوؤں کے آبائی گاؤں مصری چانڈیو میں امن قائم کرنے کے لئے قائم کی گئی پولیس چیک پوسٹ پر ڈاکوؤں کے ایک گروپ نے حملہ کیا۔ ککڑ پولیس کے ایس ایچ او اللہ بچا پیرزادہ کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملے کے دوران فائرنگ کی۔ پولیس کے جوانوں کے محصور ہونے کے بعد ڈی ایس پی خیرپور ناتھن شاہ کی قیادت میں بھاری پولیس نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ جس کے بعد ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ، بعد ازاں ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ دوسری طرف فائرنگ کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔