5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
ایم ایم اے کی بحالی، حکومت میں شامل کچھ دوست رکاوٹ ہیں، قاضی حسین
جنگ نیوز -
کراچی…سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان اورمتحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد کا کہنا ہے کہ حکومت میں شامل ہمارے کچھ دوست مجلس عمل کی بحالی میں رکاوٹ ہیں ۔کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت ”عالمی سازشیں اور علما کی ذمہ داری “کے موضوع پر علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ اسلام انسانیت کے مستقبل کے لئے ایک امید ہے ، علما کا فرض ہے قرآن و سنت کی روشنی میں قوم کی رہ نمائی کریں ۔انھوں نے کہا کہ ترکی اور وسطی ایشیا میں ایک دفعہ پھر اسلامی تحریکوں نے جنم لیا ۔قاضی حسین احمد نے مجلس عمل کی بحالی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجلس عمل کی بحالی دین دار لوگوں کی خواہش ہے لیکن حکومت میں شامل ہمارے کچھ دوست اس میں رکاوٹ ہیں ،ہمارے کچھ دوست کہتے ہیں کہ حکومت میں اس لئے شامل ہیں کہ ہم مدارس کی حفاظت کرسکیں۔انھوں نے کہا کہ امریکی اشاروں پر کام کرنے والی حکومت میں رہ کر مساجد ومدارس کی حفاظت کی بات سراسر دھوکہ ہے ۔