5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
کرغزستان میں آئینی تبدیلی کے لئے ووٹنگ جاری
جنگ نیوز -
بشکیک…کرغیزستان میں آئین کی تبدیلی کے لئے ہونے والے ریفرنڈم میں ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ عبوری حکومت کی سربراہ روزا اوٹن نے شورش زدہ شہر اوش میں ووٹ ڈالا ۔ریفرنڈم کا مقصد کرغیزستان میں پارلیمانی جمہوریت کا قیام ہے اور لوگوں سے پوچھا گیا ہے کہ کیا وہ آئین میں تبدیلی چاہتے ہیں ۔ اگر لوگوں نے آئین میں تبدیلی اور پارلیمانی جمہوریت کے حق میں ووٹ دیئے تو تمام اختیارات صدر سے وزیر اعظم کو منتقل ہو جا ئیں گے ۔ پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جس کے لئے دو ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں ۔ کرغیزستان کی عبوری رہنما روزا اوٹن نے اوش شہر میں ووٹ ڈالا جہاں پچھلے دنوں نسلی فسادات میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ سینٹرل الیکشن کمیشن کی ترجمان کا کہنا ہے کہ پولنگ پرامن طور پر جاری ہے اور دوپہر بارہ بجے تک چار گھنٹوں کے دوران 26 فیصد ووٹ ڈالے جاچکے ہیں ۔