5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
بھارت اور کینیڈاکے درمیان سول جوہری تعاون کا معاہدہ
جنگ نیوز -
ٹورنٹو ... بھارت اور کینیڈا نے سول جوہری تعاون کے معاہدے پر دستخط کردیے جبکہ دونوں ملکوں نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کا اعلان بھی کیا ہے۔ٹورنٹو میں جی ٹوئنٹی اجلاس کے سائیڈ لائین میں بھارتی وزیراعظم من موھن سنگھ اور کینیڈین وزیراعظم اسٹیفن ہارپر کے درمیان ون آن ون اور وفود کی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔سول جوہری معاعدے پر دستخط بھارتی جوہر ی توانائی کے سیکریٹری کمار بینرجی اور کینیڈا کے وزیر خارجہ لارینس کینن نے کیے، تقریب میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت بھارت کینیڈا سے یورینیم اور دیگر سامان درآمد کریگا۔ معاہدے کے تحت کینیڈا اور بھارت ایٹمی فضلے کو ٹھکانے لگانے اور تابکاری سے محفوظ رہنے کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔اس موقع پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم من موھن سنگھ نے کہا کہ کینیڈا کے ساتھ سول جوہری معاہدے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ کینیڈا کے وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔