5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے بھارت جاناچاہتا ہوں،وزیر خارجہ
جنگ نیوز -
بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے بھارت جاناچاہتا ہوں،وزیر خارجہ
اسلام آباد…وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا اگر بھارت بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو وہ دلی جائیں گے اگر ایسا نہیں تو انہیں ہوا خوری اور سیر سپاٹے کا کوئی شوق نہیں ۔دفتر خارجہ میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ غیر رسمی بات چیت کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ اجلاس کے دوران اٹھ کر باہر جاتے اور دلی سے ہدایات لیتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ مذاکرات کے دوران ان کے ساتھ رضا مند ہوتے تو ان کا نمائندہ باہر جاتا اورنئی دلی سے ہدایات لے آتا اور یوں معاملات پھر زیرو پر چلے جاتے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر کچھ انتہا پسند طاقتیں پاک انڈیا مذاکرات کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کھل کر مذاکرات کرنا چاہتا تھا اور بھارت محدود ،انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کی بات کر تا ہے لیکن یہ یاد رہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے اور پوری دنیا اس کردار کو تسلیم کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی جمہوریت ہے اور وہ بھی عوام اور پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں ۔