5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاکستان امریکا اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز
جنگ نیوز -
اسلام آباد… پاکستان ا ور امریکا کے درمیان اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے اس موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستان اور امریکا کیلئے بہت اہم ہے۔پاکستان امریکا تعلقات کا نیا دور شروع ہورہا ہے، جبکہ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کاکہناتھا کہ وہ امریکی انتظامیہ،عوام اور صدراوباما کی جانب سے خیرسگالی اور نیک خواہشات کا پیغام لائی ہیں۔پاک امریکااسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ پاک امریکا پائیدار تعلقات دوطرفہ اہمیت کے ساتھ علاقائی و عالمی سطح پر بھی اہم ہیں۔اسٹریٹیجک پارٹنر شپ پاکستان ، امریکا سمیت پورے خطے کے مفاد میں ہے اور پاکستان ، امریکا سے تعلقات اور تعاون میں مخلص ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک امریکا ڈائیلاگ میں سکیورٹی، جوہری عدم پھیلاؤ، انسداد دہشتگردی سمیت تعلیم، کلچر، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان اقتصادی شعبے میں اہداف حاصل کریگا اور پاکستان اور امریکا اپنے طویل تعلقات کو پائیدار بنانے کیلئے کام کریں گے۔امید ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مشکلات دور کرنے میں مدد دی جائیگی، اور پاکستانی برآمدات کو عالمی مارکیٹ میں زیادہ رسائی دی جائیگی۔اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ پاک افغان معاہدہ علاقے کے لیے اہم ہے۔ٹرانزٹ ٹریڈ پر کامیاب پاک افغان مذاکرات پر دونوں ممالک مبارک باد کے مستحق ہیں، ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے سے دونوں ممالک میں روزگار فراہمی اور اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یقینا دونوں ممالک کے درمیان فرق ہے لیکن ہمارا دشمن ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے اعتماد اور تعاون کے قیام میں پاکستان کی حکومت کا کردار قابل قدر ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مذاکرات کا مقصد معاملات کا بغور جائزہ لینا ہے اور پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانا ہے۔اس موقع پر ہلیری کلنٹن نے مزید ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ توانائی تعاون کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کو مزید تعاون دیں گے۔سد پارہ، گوم زام اور اسکردو میں ڈیمز کی تعمیر میں مدد دیں گے۔پاکستانی عوام کو صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب منصوبوں میں بھی تعاون دیں گے۔امریکی وزیر خارجہ نے توانائی اور پانی کے اہم امنصوبوں کیلئے امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو صحت شعبے میں تعاون کے لئے تین بڑے اسپتالوں کی توسیع کی جائیگی اورچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے100 ملین ڈالر دیں گے اور پاکستان میں ڈیری ڈیولپمنٹ کا بڑا پروگرام شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان میں دو ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کے منصوبے مکمل کرے گا اورامریکامتبادل توانائی کے ذرائع کی ترقی کیلئے پاکستان کی مدد کریگا،جن میں توانائی ہوا اور شمسی توانائی کے ذرائع شامل ہیں۔