5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
کوئٹہ: القدس ریلی پر خودکش حملہ: اموات کی تعداد 46ہوگئی
جنگ نیوز -
کوئٹہ…کوئٹہ میں یوم القدس کی ریلی پر ہونیوالے خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 46ہوگئی ہے، جبکہ 80سے زائد افراد زخمی ہیں۔پولیس کے مطابق کوئٹہ میں آئی ایس او کے زیر اہتمام یوم القدس کی ریلی نکالی جارہی تھی ،جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے ۔ریلی کے شرکاء جیسے ہی میزان چوک پر پہنچی ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑادیا۔ دھماکے کے بعد ریلی میں بھگدڑ مچ گئی اور بعض مسلح افراد نے شدید فائرنگ کی۔ دھماکے سے جیونیوز کے کیمرہ مین سمیت میڈیا کے مختلف نمائندے زخمی ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق مختلف اسپتالوں میں لائی گئی لاشوں کی تعداد 46ہے، جن میں سی ایم ایچ میں30،سول اسپتال میں 12اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں چار لاشیں پہنچائی گئیں جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت بھی تشویشنا ک ہے، جس کے بعد اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے۔ حکام کے مطابق حملے میں 10سے 15کلو وزنی دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ ایس پی سٹی انوسٹی گیشن نے بتایا کہ خودکش بمبار کا سر تحویل میں لے لیا گیا ہے، اس کی عمر 20سے 22سال کے درمیان ہے جبکہ وہ چہرے سے ازبک باشندہ معلوم ہوتاہے ۔ دھماکے کے بعد کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔سول اسپتال کے باہر بھی بعض مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے طبی عملے کو زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب میزان چوک پر جاری امن و امان کی صورتحال پر دوسے ڈھائی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابوکرلیا ہے۔ تاہم ہنگامی آرائی کے دوران مشتعل مظاہرین پانچ گاڑیوں کو آگ لگادی ۔