5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
شگاف ڈالنے سے متعلق کمیشن بنانے کا فیصلہ حکومت کریگی، صدرزرداری
جنگ نیوز -
کراچی…صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شگاف ڈالنے سے متعلق کمیشن بنانے کا فیصلہ حکومت کرے گی،ہمیں ایڈ نہیں ٹریڈ کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین سمیت کسی کو بھی بیان دینے کا حق ہے۔یہ بات انہوں نے بلاول ہاوٴس کراچی میں مدیران اخبارات اور اینکر پرسن سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ کے کچے کے علاقے میں قائم کیٹیاں کسی کی ملکیت نہیں یہ محکمہ جنگلات کی زمینیں ہیں جن پر قبضہ کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شگاف ڈالنے سے متعلق اطلاعات پر کمیشن بنانے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ الطاف حسین سمیت کسی کو بھی بیان دینے کا حق ہے، ایم کیوایم اور پیپلز پارٹی کے موسم میرے کنٹرول میں نہیں ،دونوں جماعتوں کے مسائل عرصہ دراز سے چلے آرہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروکار لائے جارہے ہیں اور متاثرین کی بحالی تک انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔اس سے قبل ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جان محمد جمالی نے بلاول ہاوس میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال پر گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق جان محمد جمالی نے سیلابی پانی سے بلوچستان کے علاقوں کے زیرآب آنے پر اپنے تاثرات سے صدر مملکت سے آگاہ کیا۔