تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

نیوزی لینڈ میں شدید زلزلے کے جھٹکے ،کرائسٹ چرچ میں ایمرجنسی نافذ

جنگ نیوز -
کرائسٹ چرچ ... نیوزی لینڈ میں آنے والے سات شدت کے زلزلے میں بڑے پیمانے پر تباہی کے بعد حکومت نے متاثرہ شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ نیوزی لینڈ کے دوسرے سب سے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں زلزلے کے شدید جھٹکوں سے کسی جانی نقصان کی اطلاع تو نہیں ملی۔ مگر عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ سڑکوں اور گلیوں میں ٹوٹے ہوئے شیشے اور تباہ شدہ گاڑیوں کا ملبہ بکھرا پڑا ہے۔ ساڑھے تین لاکھ آبادی والے شہر کے بیشتر حصے کو بجلی کی سپلائی منقطع ہے۔ جبکہ سڑکوں، پلوں اور نکاسی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ زلزلے کے بعد کرائسٹ چرچ انٹرنیشنل ایرپورٹ پرپروازیں معطل اور ریل سروس عارضی طور پر بند کردی گئی ۔وزارت شہری دفاع کے مطابق قومی کرائسس مینجمنٹ سینٹر کو فعال جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی لگادی گئی ہے۔خوش قسمتی سے زلزلہ علی الصباح ایسے وقت آیا جب سڑکیں سنسان ہوتی ہیں۔ تاہم کچھ لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حکام نے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ زلزلے کا مرکزکرائسٹ چرچ سے تیس کلومیٹرکے فاصلے پر تھا۔ اور اس کی گہرائی زیر زمین سولہ کلومیٹرتھی۔ زلزلے کے بعد کئی آفٹرشاکس بھی محسوس کیے گئے۔ جن میں سے ایک کی شدت پانچ اعشاریہ سات رکارڈ کی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.