5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سپریوحفاظتی بند میں شگاف، سیلابی ریلے کا رخ میہڑ کی طرف
جنگ نیوز -
دادو…ضلع دادومیں میہڑ شہر کی آخری دفاعی لائن سپریو حفاظتی بند میں پڑنے والا شگاف 45 فٹ چوڑا ہوگیا ہے۔سیلابی ریلے کے باعث 5 سے زائد دیہات زیرآب آگئے ہیں۔جبکہ سیلابی ریلا تیزی سے میہڑ شہرکی جانب بڑھ رہا ہے۔ ضلع دادو میں اب تک مجموعی طور پر ساڑھے چار سو سے زائد دیہات زیرآب آچکے ہیں۔سپریو بند میں 30 فٹ چوڑا شگاف پڑنے کے نتیجے میں سیلابی پانی نے مہڑ شہرکا رخ کرلیا ہے۔مہڑ آبادی کے لحاظ سے ضلع دادو کا سب سے بڑاشہرہے۔سیلاب کے خدشے کے پیش نظر شہریوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع کردی ہے۔ دوسری جانب دو گھنٹے گزرجانے کے باوجودمحکمہ آب پاشی کا عملہ شگاف کو پرکرنے نہیں پہنچا جس کے باعث کٹاؤ مزید چوڑا ہوتا جارہا ہے۔ بند سے ملحقہ آبادی کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو پر کرنے میں مصروف ہیں تاہم سیلابی ریلے کے دباؤ کی وجہ سے انھیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب خیرپور ناتھن شاہ شہر سیلابی ریلا آنے کے باعث نوے فیصد زیرآب آچکا ہے۔ جبکہ شہر میں اب بھی کچھ افراد محصور ہیں جو ریسکیوآپریشن کے منتظر ہیں۔ ضلع دادو میں سیلابی صورتحال کے بعد اب تک مجموعی طور پر زیرآب آنے والے دیہات کی تعداد ساڑھے چار سو سے زائد تک ہوچکی ہے۔