تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

حمل اور منچھر جھیل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی

جنگ نیوز -
حیدر آباد…حمل اور منچھر جھیل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ایف پی بند پر پانی کا دباؤ برقرار ہے۔ادھرایم این وی ڈرین میں شگاف پڑنے کے بعد پانی دُر محمد ابڑو گاؤں کے مقام پر انڈس ہائی وے پر آگیا ہے۔ضلع قمبر شہدادکوٹ میں واقع حمل جھیل میں پانی کی سطح بارہ فٹ سے زائد ہوگئی ہے۔ جس کے نتیجے میں ایف پی بند میں کٹاؤ شروع ہو گیا ہے۔محکمہ آبپاشی حکام کے مطابق پانی خطرناک حد تک پہنچ گیا ہے جس کے بارے میں اعلیٰ حکام کو مطلع کردیا گیا ہے۔آبپاشی حکام کے مطابق حمل جھیل میں مزید آٹھ انچ پانی بھرنے کی گنجائش موجود ہے اور ایف پی بند ٹوٹنے کی صورت میں پانی وارہ، وگن اور لاڑکانہ تک پہنچ سکتا ہے۔دوسری طرف منچھر جھیل میں پانی کی سطح ایک سو تیرہ فٹ کی انتہائی سطح کو پہنچ گئی ہے اور آر ڈی77 پر پانی کا شدید دباؤ ہے۔ جس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ماہرین کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں کمی کے بعد ہی صورتحال میں بہتری کا امکان ہے۔اس وقت منچھر کے مقام پر پانی دریا کی سطح سے نیچے ہے۔دوسری طرف سیلاب سے جوہی تعلقہ کے تمام دیہی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔جوہی شہر کو بچانے کیلئے رِنگ بند بنایا گیا ہے۔ جس پر چار سے پانچ فٹ پانی کھڑا ہے۔ جبکہ پانی درمحمد ابڑو گاؤں کے قریب انڈس ہائی وے پر اوور ٹاپنگ کررہا ہے۔ اس وقت مختلف مقامات پر دادو اور لاڑکانہ کے درمیان سڑک ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند ہے۔ سیلاب کی صورتحال، نقصانات اور متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے مختلف اقدامات پر غور کیلئے سندھ کابینہ کا اجلاس آج ہورہا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.