5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
میزان چوک دھماکا،فائرنگ کرنیوالوں کا جلد پتہ چل جائیگا،ظفراللہ زہری
جنگ نیوز -
کوئٹہ…میزان چوک بم دھماکے میں سرکاری طور پر52افراد کے جاں بحق اور150افراد زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری ہیں،یہ بات صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ظفراللہ زہری نے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان ملک محمد اقبال اور دیگر سینئر پولیس حکام کیساتھ سینٹرل پولیس آفس میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، صوبائی وزیر داخلہ کی ان کے تقریبا اڈھائی سالہ دور میں عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلی پریس کانفرنس تھی ۔صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ کہ میزان چوک بم دھماکا ایک خود کش حملہ تھا ، انہوں نے کہا کہ خود کش حملے پورے ملک کا مسئلہ ہیں یہ صرف بلوچستان کا مسئلہ نہیں ہے، تاہم دہشت گردی کی روک تھام کے لئے ہماری ٹیم مضبوط ہے اور ہمارے حوصلے بہت بلند ہیں، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میزان چوک واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جارہی ہے، صوبائی وزارتی کمیشن بھی بھرپور کردار ادا کرے گا، اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان ملک محمد اقبال نے کہا کہ میزان چوک واقعے کے بعد اگر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے فوری کارروائی نہ کرتی تو نقصان کہیں زیادہ ہوسکتا تھا، انہوں نے کہا کہ میزان چوک کے واقعے اور دیگر واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج ہمارے پاس ہے، اس میں فائرنگ کرنے والے مسلح افراد کا پتہ چلا لیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ ریلی کے مظاہرین کی جانب سے تحریری معاہدہ ہونے کے باوجود اس حوالے سے دیئے گئے روٹ کی خلاف ورزی کی گئی۔