5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
لکی مروت خود کش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد18ہوگئی
جنگ نیوز -
لکی مروت…خیبر پختونخوا کے شہر لکی مروت میں پولیس اسٹیشن پر خودکش حملے میں اہلکاروں اور بچوں سمیت ہلاک ہونے والوں کی تعداد18ہو گئی جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں تا حال جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے علی الصباح بارود سے بھری گاڑی لکی سٹی تھانے کی عقبی دیوار سے ٹکرادی۔ جس سے عمارت کا ایک حصہ تباہ ہوگیا۔ جبکہ لکی سٹی اسپتال سمیت اردگرد کی دیگرعمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملے کی زد میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ اسکول جانے والے بچے اور راہگیر بھی آئے ہیں۔واقعے کے وقت چالیس سے پینتالیس اہلکار تھانے میں موجود تھے۔ عمارت کے تباہ شدہ حصے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ اور اب تک 18 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ جن میں پانچ پولیس اہکار اور چار اسکول کی بچیاں شامل ہیں۔ برطانوی خبر ایجنسی نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعے میں آٹھ پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ متعددافراد تا حال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل ناکابندی کردی ہے۔