5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
عرفان قادر فارغ ہوچکے، عدالتی فیصلے پر عمل کیا جارہا ہے، بابر اعوان
جنگ نیوز -
کراچی …وفاقی وزیر قانون وپارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی اپنی پارٹی میں گرفت کمزور ہوچکی ہے اور نواز شریف کے گیارہ سال سے پارلیمانی سیاست سے باہر ہونے کے باعث ان کی جماعت میں وزیراعظم کے12 امیدوار پیدا ہوگئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر قانون نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ نان ایشوز پر نواز شریف کی جانب سے وزیراعظم اور صدر پر تنقید تخت لاہور کے دہرے معیار کی دلیل ہے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف الیکشن سے پہلے اے آر ڈی میں بھی تھے اور اے پی ڈی ایم میں بھی،دونوں کے ساتھ انکا سلوک قوم کے سامنے ہے ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اگر عدلیہ کے فیصلے پر عمل درآمد کی بات کرتے ہیں تو سندھ کی عدالتوں سے مفرور قرار دیئے جانے والے رانا مقبول کو گرفتار کیوں نہیں کرواتے۔بابر اعوان کا کہنا ہے کہ تخت لاہور نے رانا مقبول کو گرفتار کروانے کے بجائے انعام کے طور پر سیکریٹری پراسیکیوشن تعینات کردیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے امن و امان کی خرابی ی بڑی وجہ یہی ہے کہ وہاں مفرورروں کے حوالے انتظام کردیا گیا ہے،بابر اعوان نے کہا کہ نواز شریف کی اپنی جماعت پر گرفت دن بدن کمزور ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جب پارلمینٹ میں مسلم لیگ کے مسلم لیگ کے امیدواروزیر اعظم نے پہلے متحدہ پر پارلیمان میں حملہ کیا اور جب جوابا کیو ایم نے نواز شریف پر بات کی تو کسی مسلم لیگی رکن اسمبلی نے جواب تک نہیں دیا۔انہوں نے کہاک نواز شریف پنجاب کے ضمنی نتائج سے خوفزدہ نہ ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کسی بھی قومی یا صوبائی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑیں انکے مقابلے پر پیپلز پارٹی کوئی امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔انہوں نے کہاکہ عرفان قادر سے متعلق گزشتہ روز ہی واضح بیان دیدیا تھاکہ وہ فارغ ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہا حکومت نے فی الفور عدالتی فیصلے پر عمل کیا ہے اب کسی فرد کے انفرادی رویے کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کی خواہش رکھنے والے سن لیں کہ اب آئی جے آئی بنانے والے ملک میں نہیں ۔الیکشن2013 میں ہوگا اور پیپلزپارٹی پنجاب سے کلین سوئپ کرے گی۔