5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
کوئٹہ اور لاہور کے دھماکے لشکر جھنگوی نے کرائے ،رحمن ملک
جنگ نیوز -
کوئٹہ …وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ کوئٹہ اور لاہور کے دھماکے لشکر جھنگوی نے کرائے ،تحریک طالبان پاکستان اورالقاعدہ کے ساتھ اس کا گٹھ جوڑ خطرناک صورتحال اختیار کرگیا ہے ،ملک میں کہیں بھی بھی دہشتگردی ہوئی توایکشن لیا جائیگا ۔یہ بات انہوں نے دوروزہ دورے پر کوئٹہ پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کوغیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم نے دہشت گردی کو کچلنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔رحمن ملک نے کہا کہ ہم نے کبھی مذہبی جلوسوں پر پابندی کی بات نہیں کی بلکہ علما کرام سے اپیل کی کہ وہ جلوسوں کو کم کریں یا جلوس کسی چاردیواری میں کریں ہم انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ عید کے بعد علما سے ایک میٹنگ کریں گے جس میں مذہبی جلوسوں کے حوالے کے لائحہ عمل تیار کیا جائیگا۔وفاقی وزیرداخلہ نے دہشت گردوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب دہشت گردی بند کردیں جہاں بھی دہشت گردی ہوئی تو بھر پور ایکشن لیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے اثرات جلد سامنے آنے شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا جس صوبے میں سیاسی جماعتوں کی جگہ لبریشن تنظیمیں کام کر رہی ہوں وہاں فورسز کو ایکشن لینا پڑے گا ۔رحمان ملک نے کہا کہ ہم نے اعتماد کی فضا پیدا کرنے کیلئے33 چیک پوسٹیں ختم کیں لیکن میں مانتا ہوں کہ صوبے میں ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مزاحمتی تنظیموں کو قومی اور سیاسی دھارے میں شامل ہونے کا موقع دیا لیکن اب وہ نہیں مانتے تو ہمیں ڈنڈا استعمال کرنا پڑے گا۔