5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
کوہاٹ بم دھماکہ کھلی دہشت گردی ہے،الطا ف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے ضلع کوہاٹ میں پولیس لائنزکے قریب بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے کھلی دہشت گردی قراردیتے ہوئے دھماکہ میں متعددافراد کے جاں بحق وزخمی ہونے پردلی افسوس کااظہارکیاہے۔اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ملک دشمن سفاک دہشت گرد اپنے مذموم مقاصدکی تکمیل کیلئے دہشت گردی ،بم دھماکوں اورخودکش حملوں کے ذریعے سیکیورٹی فورسزکے اہلکاروں،پاک فوج کے جوانوں اورمعصوم شہریوں کونشانہ بنارہے ہیں جوملک کوغیرمستحکم کرنے کی گھناؤنی سازش ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ کوہاٹ پولیس لائنزکے قریب بم دھماکہ کھلی دہشت گردی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت نازک دورسے گزررہاہے اوراسے حالات میں جو عناصربھی اپنے مذموم مقاصدکی تکمیل کیلئے اس قسم کی گھناؤنی کارروائیاں کررہے ہیں ملک وقوم دونوں کے دشمن ہیں اوراسے سفاک دہشت گردکسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ الطاف حسین نے کوہاٹ میں پولیس لائنزبم دھماکہ میں جاں بحق افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افرادکواپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔الطاف حسین نے صدرآصف علی زرداری،وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضاگیلانی ،وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک اورخیبرپختونخواہ کی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ کوہاٹ میں پولیس لائنز کے سامنے بم دھماکہ کاالفورنوٹس لیاجائے اوربم دھماکہ کے ذمہ دارعناصرکوگرفتار کرکے عبرتناک سزادی جائے۔