5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
ہنگو:پولیس موبائل پرحملہ،ڈی ایس پی اورکانسٹیبل شہید
جنگ نیوز -
ہنگو. . .. . . . . ہنگو میں پولیس موبائل پرریموٹ کنٹرول بم حملے میں ڈی ایس پی اور کانسٹیبل سمیت دو اہل کار شہید اور5پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔شہر میں رات گئے ایک اور دھماکا اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے دفتر کے باہر کیا گیا جس سے عمارت کوجزوی نقصان پہنچا تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔کمشنر کوہاٹ خالد خان کے مطابق ہنگو شہر میں بائی پاس روڈ پرنامعلوم افرادنے پولیس موبائل پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا۔حملے میں کانسٹیبل ولی اللہ موقع پر شہید جبکہ ڈی ایس پی فرید خان سمیت 6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔ڈی ایس پی کو پشاور کے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ 5 پولیس اہلکار شدید زخمی حالت میں کوہاٹ کے مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ حملے میں تین گاڑیوں کوبھی شدید نقصان پہنچا۔دوسری جانب ہنگو کے علاقے سیدان بانڈہ روڈ پر واقع یونیسیف کے دفتر کے باہر رات گئے ایک اوردھماکا کیا گیا جس سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ۔۔ہلکی نوعیت کے اس دھماکے کا مقدمہ مقامی تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔