5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
صرف فصلیں تباہ ہونے سے 82ارب کا نقصان ہوا، شہباز شریف
جنگ نیوز -
لاہور . . . وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب قومی مجرموں کو ایک صدارتی حکم کے تحت ریلیف دیدیا جائے تو پھر متاثرین سیلاب کو رقوم کی تقسیم پر بیرونی دنیا تحفظات تو رکھے گی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان وزیر اعلیٰ پنجاب لاہورمیں پریس بریفنگ کے دوران کیا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کاکہنا تھا کہ صوبے میں متاثرین سیلاب کو 20 ہزار روپے کی امدادی رقوم عید سے پہلے پہنچانا ممکن نہیں ہے اس لئے یہ کام ابتدائی طور پر تین اضلاع میانوالی ۔بھکر اور لیہ سے شروع کر دیا گیا ہے جہاں نادررا کے ریکارڈ کے مطابق فی خاندان بیس ہزار روپے تصدیق کے ساتھ تقسیم کئے جائیں گے ۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب سے 65 لاکھ افراد اور82 ارب روپے کی املاک کو نقصان پہنچا ہے جس کے ازالے کے لئے وفاقی حکومت بیرون اور اندرون ملک سے اکٹھی ہونے والی امداد فراہم کرے ۔ان کاکہناتھا کہ چاروں صوبوں میں نقصانات کی بنا پر رقوم کی تقسیم کا فارمولہ بنایا جائے اور اس تمام عمل کوشفاف بنانے کے لئے کسی غیر ملکی ادارے کو بگرانی کے فرائض سونپے جائیں۔