تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے،بشیر بلور

جنگ نیوز -
کوہاٹ . . . کوہاٹ پولیس لائن پر خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے 21 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ سینئر وزیر بشیر احمد بلور کا کہنا ہے کہ دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ گزشتہ روز کوہاٹ پولیس لائن میں خودکش حملہ آوربارود سے بھری گاڑی دھماکاخیز مواد سے اڑا دی تھی۔ جس کے نتیجے میں پولیس لائن میں واقع 40 مکانات تباہ ہوگئے تھے اور 70 کے قریب مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا تھا۔ دھماکے میں سات بچوں اور 8 خواتین سمیت 21 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ کوہاٹ کے علاقوں علی زئی، استرزئی اور دیگر مختلف علاقوں میں ادا کردی گئی ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور اور میاں افتخار حسین نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر وزیر بشیر احمد بلور نے کہا کہ دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لئے فوری پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا کہ دہشت گرد بھاگ رہے ہیں اور یہ ملک کے مختلف علاقوں میں پھیل چکے ہیں ۔ حکومت اور سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.