5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
وفاقی حکومت کا ایرا کو 12 ارب روپے سپلیمنٹری گرانٹ دینے کا وعدہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . ڈپٹی چیئرمین ایرا لیفٹنٹ جنرل ہارون اسلم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال ایرا کے لیے 12 ارب روپے سپلیمنٹری گرانٹ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں ایرا کے ترقیاتی کاموں کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے تھے اور 12 ارب کی سپلیمنٹری گرانٹ اس کے علاوہ ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ بالا کوٹ نیو سٹی بکریال کے پہلے رہائشی سیکٹر پر کام کا آغاز آیندہ دو ماہ میں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ایک ارب روپے کے زیر تعمیر ترقیاتی منصوبے تباہ ہوگئے ہیں۔ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں 400 ترقیاتی منصوبے 75 فی صد مکمل ہوچکے ہیں۔