5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
دادو کی گیارہ یونین کونسلز میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظرریڈ الرٹ
جنگ نیوز -
دادو . . . ضلع دادو کی تحصیل جوہی کے ایف پی بند کے115 فٹ چوڑے شگاف کے باعث تحصیل دادو کی15 میں سے گیارہ یونین کونسلز کو ممکنہ سیلاب کے پیش نظرریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ میہڑ شہر کو سیلابی ریلے نے تین اطراف سے گھیر لیا ہے شہر کی تقریباً90 فیصد آبادی نقل مکانی کرچکی ہے۔ایف پی بند حفاظتی بند کو پر کرنے کا کام آرمی انجینئرنگ کور کے حوالے کردیا گیا ہے۔ شگاف پر کرنے کے لئے آرمی انجینئرنگ کور کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی دیہاتی اور اریگیشن کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ تحصیل دادومیں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر انتظامیہ کی طرف سے ریڈالرٹ جاری ہونے کے بعد مقامی آبادیوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ جبکہ شگاف سے نکلنے والے پانی کے ریلے نے45 سے زائد دیہات اور کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں اپنی لپیٹ میں لے لی ہیں۔ دوسری جانب سپریوبند میں پڑنے والے شگاف کے باعث سیلابی ریلے نے میہڑ شہر کو تین اطراف سے گھیر لیا ہے جبکہ شہر کی نوے فیصد آبادی محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکی ہے۔ شہر کو بچانے کے لئے عارضی طور پر باندھا گیا بند مضبوط کرنے کے لئے باقی رہ جانے والے شہریوں نے بھی کام شروع کردیا ہے۔