5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
بونی کپور اور سری دیوی کی فلم میں کام کرنے سے انکار نہیں کیا، آسن
جنگ نیوز -
ممبئی . . . سینٹرل مانیٹرنگ . . . فلم ’گجنی‘ سے شہرت حاصل کرنے والی بالی وڈ اداکارہ آسن نے ان خبروں کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے محسن بونی کپور اور سری دیوی کی فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔اپنے تازہ بیان میں آسن نے کہا کہ سری دیوی ان کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہیں، وہ اور بونی کپور ہی ان کا خاندان ہیں، اس لیے وہ اپنے گاڈ فادر کو انکار کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتیں۔آسن نے مزید کہا کہ وہ چنائے میں فلم کی عکس بندی میں مصروف تھیں کہ انہیں خبر ملی کہ سری دیوی اور بونی کپور نے انہیں اپنی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی ہے جسے انہوں نے مسترد کردیا ہے، حالانکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ادھر بونی کپور نے آسن سے متعلق اس قسم کی خبروں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ بونی کپور نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ان دنوں وہ فلم No Entry کے سیکوئلBe Positive اور Mr. India 2 کے اسکرپٹ پر کام کررہے ہیں اور وہ نہیں سمجھتے کہ کوئی بھی اسکرپٹ مکمل ہونے سے قبل فلم میں کام کرنے کے لے کسی اداکارہ سے رابطہ کرسکتا ہے،اس لیے جیسے ہی مذکورہ فلموں کی کہانی مکمل ہوگی ویسے ہی وہ ان میں جلوہ گر ہونے والے اسٹارز کے ناموں کا اعلان کردیں گے۔