5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
بالی وڈ کی معروف گلوکارہ آشا بھوسلے77برس کی ہوگئیں
جنگ نیوز -
ممبئی . . . سینٹرل مانیٹرنگ . . . بالی وڈ کی معروف گلوکارہ آشا بھوسلے آج 8ستمبر کو 77برس کی ہوگئیں۔ 1943ء میں صرف10سال کی عمر میں مراٹھی فلم ’ماجھا بال‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی آشا بھوسلے اب تک 18زبانوں میں12 ہزار سے زائد گانے گا چکی ہیں۔ انہوں نے ایک ہزار فلموں میں پلے بیک سنگر کی حیثیت سے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ فن کے لیے ان کی خدمات پر انہیں بھارت کا اعلیٰ ترین اعزاز ’پدما شری‘ سے نوازا گیا۔ وہ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی حاصل کرچکی ہیں اور انہیں درجنوں ملکی و غیر ملکی اعزازات و ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔آشابھوسلے نے ایک موسیقار گھرانے میں آنکھ کھولی۔ان کے والد تھیٹر اداکار اور کلاسیکل گلوکار تھے اور ان کی معاونت نے بچپن میں ہی آشا بھوسلے کی فن کا جلا بخشی۔آشا بھوسلے نے یوں تو ابتدائی میںRavi، Khayyam اور Shankar Jaikishan جیسے کئی موسیقاروں کے ساتھ گانے ریکارڈ کروائے لیکن معروف موسیقار آر ڈی برمن کی میوزیشن میں ریکارڈ کروائے گئے گانوں نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔ آر ڈی برمن کی میوزک کمپوزیشن میں گائے گئے گانوں میں دم مارو دم،محبوبہ او محبوبہ، میرا کچھ سامان، پیا تو اب تو آجااور چُرالیا ہے تم نے جو دل کو جیسے گانوں نے انہیں صفِ اوّل کی گلوکاروں میں شامل کرادیا۔اپنے اس اہم دن کے موقع پر آشا بھوسلے کا کہنا ہے کہ انہیں پڑھائی سے محبت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جب 13،14سال کی تھیں تو رات کو اپنے گھر کا دروازہ کھول کر اسٹریٹ لائٹس کی روشنی میں مطالعہ کیا کرتی تھیں تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کوکنگ کو بہت انجوائے کرتی ہیں۔