تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

جیکب آباد کا زمینی رابطہ بحال، جوہی شگاف پر کرنے کا کام آرمی کے حوالے

جنگ نیوز -
دادو . . . تحصیل دادو کی15 میں سے گیارہ یونین کونسلز میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظرریڈ الرٹ کردیا گیا ہے۔ادھر سیلاب سے متاثرہ جیکب آباد کا28 روز بعد زمینی رابطہ دوبارہ سے بحال ہوگیا ہے۔ضلع دادو کی تحصیل جوہی کے ایف پی حفاظتی بند میں پڑنے والے115 فٹ چوڑے شگاف کو پر کرنے کا کام آرمی انجینئرنگ کور کے حوالے کردیا گیا ہے۔جس میں مقامی دیہاتی اور محکمہ آبپاشی کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ تحصیل دادومیں سیلاب کے پیش نظر ریڈ الرٹ ہونے کے بعد مقامی آبادیوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔شگاف سے45سے زائد دیہات اور کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئی ہیں ۔تحصیل جوہی کا آخری زمینی راستہ ایم این وی ڈرین اور منچھر جھیل زیروپوائنٹ پل پر سیلابی پانی کے دباؤ کے باعث دراڑیں پڑنا شروع ہوگئی ہیں۔ جس کے باعث پل کو عام ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ پاک فوج کے82 ڈویژن کے جوانوں نے برگیڈیئر کی زیر قیادت ہنگامی بنیاد پر پل کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔سیلاب سے متاثرہ ضلع جیکب آباد کا28 روز بعد دوبارہ سے زمینی رابطہ بحال ہوگیا ہے۔ جیکب آباد شکارپورقومی شاہراہ کو مرمت کے بعد چھوٹی گاڑیوں کے کھول دیا گیا ہے۔جس کے بعد ضلع کا سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان زمینی رابطہ بحال ہوگیا۔جبکہ بلوچستان سے تاحال زمینی رابطہ منقطع ہے۔ادھرضلع ٹھٹھہ کے ایم ایس بند میں پڑنے والا1700 فٹ چوڑا شگاف پر کرنے کے لیے محکمہ آب پاشی کے حکام نے85 کروڑ روپے کے فنڈز طلب کیے ہیں ۔گولارچی سے متصل ملیاواہ نہر کے بند میں پڑنے والے20فٹ چوڑے شگاف کو پر کرنے کی بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.