5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
عرفان قادر کو ایوان صدر کی شہہ حاصل ہے، چوہدری نثار
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نیب پراسیکیوٹر جنرل کے عہدے سے ہٹائے جانے والے عرفان قادر کو ایوان صدر کی شہہ حاصل ہے اور اس سارے تماشے میں وزیر اعظم بھی شامل ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ حکومتی ساکھ نہ ہونے کی وجہ سے سیلاب متاثرین کے لیے ملنے والی غیر ملکی امداد انتہائی محدود ہے۔چوہدی نثار علی نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ کیا عرفان قادر اتنا طاقتور ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کے ساتھ اس حکومت کا بھی تمسخر اڑا سکتا ہے جس نے اسے تعینات کیا ۔انہوں نے کہا کہ عرفان قادر کو براہ راست ایوان صدر سے آشیر باد مل رہی ہے،اگر حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نہ تسلیم کیا تو عوام بھی حکومت کو نہیں مانیں گے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ بارہا مطالبات کے باوجود امدادی فنڈز کے شفاف استعمال کا ادارہ نہ بنانا مجرمانہ غفلت ہے ،اوورسائٹ کونسل کی تشکیل مسلم لیگ نون کے مطالبے کا نعم البدل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں 18ویں ترمیم کے مقاصد پورے نہیں ہورہے جس کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں۔ صحافی عمرچیمہ کے اغوا اور تشدد کے حوالے سے چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت کے علاوہ ایجنسیوں پر بھی انگلی اٹھ رہی ہے،سب اپنی پوزیشن واضح کریں ۔ چوہدری نثار نے فلوریڈا میں قرآن پاک جلانے کے اعلانات پر کہا کہ پاکستانی حکومت امریکا کو ایسے واقعات روکنے کا کہے ورنہ دونوں ملکوں میں نہ ختم ہونے والا فاصلہ پیدا ہوجائے گا۔انہوں نے کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن قومی اسمبلی میں اس کے خلاف تحریک التوا جمع کرائے گی۔