5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
کوشش کروں گا عید کے دن فائنل جیت کرقوم کو تحفہ دوں،اعصام الحق
جنگ نیوز -
نیویارک. . . . . . . گرینڈ سلیم یو ایس اوپن میں مکسڈ ڈبلز اور مینز ڈبل کے فائنل میں بھی جگہ بنانے والے پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ کرکٹ اسکینڈل کے باعث کھیل کی دنیا میں پاکستان کے نام کو نقصان پہنچا ہے،کوشش کروں گا عید کے دن فائنل جیت کرقوم کو تحفہ دوں گا۔روہن بوپانا نے کہا ہے کہ جس طرح میں اور اعصام مل کر کھیل سکتے ہیں اس طرح دوسرے پاکستانی اور ہندستانی بھی اپنے مسائل کا حل تلاش کرسکتے ہیں۔جیونیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے کہا کہ ان کی کامیابیوں کے پیچھے ان کی ماں اور پاکستانی قوم کی دعائیں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ مینز ڈبلز کا فائنل جمعہ کے دن ہوگا جس میں کوشش کروں گا کہ اپنی قوم کا جیت کا تحفہ دوں۔ اعصام الحق نے کہا کہ آج ہونے والے سیمی فائنل میں پاکستانی اور بھارتی سفیر میچ دیکھنے آئے جس کے باعث انہیں خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح خیرسگالی کے پیغامات اعلیٰ سطح پر ہوجائے تو پاکستان اور بھارت کے مسائل حل ہوجائیں گے۔اعصام الحق کے پارٹنر اور بھارتی ٹینس اسٹارروہن بوپانا نے جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کھیل اور سیاست الگ چیزیں ہیں انہوں نے کہا کہ جس طرح میں اور اعصام مل کر کھیل سکتے ہیں اس طرح دوسرے پاکستانی اور ہندستانی بھی اپنے مسائل کا حل تلاش کرسکتے ہیں۔