23 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:46
پنجاب:مختلف شہروں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد چھ سو ساٹھ ہو گئی
آج نیوز - لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد چھ سو ساٹھ ہو گئی، شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس کے سدباب میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی کے ایک سو اڑتیس نئے مریض اسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں، جن میں ایک سو انتیس کا تعلق لاہور سے ہے، جس کے بعد صوبے بھرمیں متاثرہ افراد کی مجموعی تعدادچھ سو ساٹھ ہو گئی ہے۔ میو اسپتال لاہور میں ڈینگی کے اکسٹھ نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس کے سدباب کے لئے بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو صورتحال پریشان کن ہوسکتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈینگی کے سدباب کے لئے مہم میں کسی کی غفلت برداشت نہیں کریں گے۔ صوبائی وزیر مجتبٰی شجاع الرحمان نے میو اسپتال میں اپنی ٹیم کے ساتھ ڈینگی آئسو لیشن وارڈ کا دورہ کیا۔متاثرہ مریضوں کا کہنا ہے کہ عملی اقدامات میں غفلت کے باعث یہ مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔محکمہ صحت کا دعویٰ ہے کہ آئندہ چند روز میں ڈینگی کے مریضوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئے گی۔