24 اگست 2011
وقت اشاعت: 2:26
کراچی :ٹارگٹ کلنگ ،چھ افراد قتل
آج نیوز - کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید چھ افراد قتل کردئیے گئے۔ رینجرزکی کارروائی میں چوبیس افراد زیر حراست۔ فیڈرل بی ایریا میں اسنیپ چیکنگ کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔کراچی میں بوری بند لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اورنگی ٹاون قصبہ موڑ کے قریب نالے سے اٹھائیس سالہ نوجوان کی بوری بند لاش ملی ہے۔ ملیر غریب آباد سے تیس سالہ نوجوان کی لاش ملی ہے مقتول کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
شاہ لطیف ٹاون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک ہوگیا۔ لیاری کے علاقے جہان آباد بکرا پیڑی سے نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ پرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی جس سے زین احمد نامی نوجوان ہلاک ہوگیا۔ پاک کالونی پرانا دھوبی گھاٹ سے نوجوان کی دو روز پرانی لاش ملی ہے۔ لیاری کے علاقے بغدادی میں گورنمنٹ اسکول کے نزدیک دستی بم پھینکا گیا۔ تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ رینجرز نے لیاری کے مختلف علاقوں کا محاصرہ کرلیا ہے۔ اب تک چوبیس افراد کو حراست میں لئے جانے کی اطلاع ہے۔