24 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:17
بدین: نہروں، سیم نالوں کے شگاف پر نہ ہو سکے، کئی دیہات متاثر
آج نیوز - بارش سے ضلع بدین کی نہروں، شاخوں اور سیم نالوں میں پڑنے والے شگاف پْر نہیں ہو سکے۔ تین سو سے زائد دیہات میں اب بھی تین فٹ تک پانی کھڑا ہے۔ ضلع بدین کے علاقے نندو، کھوسکی، مٹھی تھری، جھرکس اور پنگریو یو سی کے تین سو سے زائد دیہات تیرہ روز گزرنے کے بعد بھی پانی میں ڈوبے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان علاقوں میں پیٹ کی بیماریوں کے علاوہ جلدی امراض پھیل رہے ہیں۔ تحصیل ٹنڈو باگو اور شادی لارج میں وبائی امراض میں مبتلا سیکڑوں افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ گولارچی کے امیر شاہ سیم نالے میں سمندر کا پانی مسلسل داخل ہو رہا ہے۔ جس کی وجہ سے ترائی شہر ڈوبنے کا خطرہ ہے۔ متاثرین نے اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ شہر کو بچانے کیلئے بندوں کی مرمت جاری ہے۔ پنگریو کے قریب سیم نالے ایل بی او ڈی میں آر ڈی دو سو گیارہ کی اوور برانچ ڈرین میں پڑنے والے شگاف بھی پْر نہیں ہو سکے ہیں۔ جس کی وجہ ست درجنوں دیہات اور سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی اراضی زیر آب آگئی ہے۔ پانی پنگریو شہر کی طرف بڑھ رہا ہے۔ تحصیل ٹنڈو باگو کی یونین کونسل خیرپور گھبوہ اور ڈاڈر میں بارش کے پانی سے متعدد مکانات زمین بوس ہو گئے۔ ہزاروں افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ اب تک متاثرہ علاقوں میں نہیں پہنچ سکی۔ متاثرین خوراک، پینے کے صاف پانی اور ادویات کے منتظر ہیں۔ انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف متاثرین کے احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔