24 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:39
نیٹو نے طرابلس میں العزیزیہ کمپاؤنڈ کو تباہ کردیا
آج نیوز - نیٹو نے طرابلس میں العزیزیہ کمپاؤنڈ کو بمباری کرکے تباہ کردیا ہے۔ معمر قذافی کا کہنا ہے کہ باب العزیزیہ کو حکمت عملی کے تحت خالی کیاہے۔ غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق نیٹونے معمرقذافی کے کمپاؤنڈ باب العزیزیہ پر چونسٹھ میزائل داغے۔ جس سے عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ نیٹو کا کہنا ہے کہ لیبیا پر بمباری جاری رہے گی۔ اس سے پہلے باغیوں نے باب العزیزہ پر قبضے کا دعوٰی کیا تھا۔ لیبیا کے سرکاری ریڈیو پر معمر قذافی کا آڈیو پیغام نشرکیا گیا۔ پیغام میں معمر قذافی نے کہا کہ جارحیت کے خلاف لڑائی فتح یا موت تک جاری رہے گی۔ باغی رہنما محمود جبرائیل کا کہنا ہے کہ لیبیا میں اقتدار کی منتقلی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ دو دن میں باغیوں کا ہیڈ کوارٹر بن غازی سے طرابلس منتقل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی معاملات کو مشاورت سے حل کیا جائے گا۔ طرابلس میں گرین اسکوائر پر جشن کا سماں ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے رات سڑکوں پر گزاری۔ دوسری جانب وینزویلا کے صدر ہوگو شاویز نے کہاہے کہ معمر قذافی سے تعاون جاری رہے گا۔