تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:3

دریائے ستلج میں نچلے، چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب

آج نیوز - دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے اور سلیمانکی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے چناب میں مرالہ اور خانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ حکام نے مختلف نالوں میں طغیانی کی وارننگ جاری کر دی۔ فلڈ وارننگ سنٹر لاہور کے مطابق بھارت سے آنے والے سیلابی ریلے کی پاکستان میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کی صبح کو گنڈا سنگھ والا میں پانی کا اخراج پچاسی ہزار کیوسک، ہیڈ سلیمانکی میں ستر ہزار اور ہیڈ اسلام کے مقام پر چالیس ہزار کیوسک ہے۔دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر ایک لاکھ ستر ہزار اور خانکی کے مقامات سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے، ان دونوں مقامات پر اگلے چوبیس گھنٹوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی ہے۔ تاہم دریائے چناب میں تریموں اور پنجند کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، لیکن اگلے چوبیس گھنٹوں میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے۔ اس دوران دریائے سندھ، کابل، جہلم اور راوی میں تمام مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ حکام نے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے پر ملک کے شمالی علاقوں میں بھمبر، بھنڈر، ڈیک، پلکھو، ایک حصری، بسنتر کے نالوں میں طغیانی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گجرات کی ضلعی انتظامیہ کو حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ جبکہ کوہ سلیمان رینج میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے برساتی نالوں میں بھی پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.