25 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:4
ایم کیو ایم سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس میں فریق بننے کی خواہشمند
آج نیوز - ایم کیو ایم کراچی میں قتل و غارت گری پر سپریم کے از خود نوٹس میں فریق بننے کی خواہش مند۔ فاروق ستار کہتے ہیں عدالت عظمیٰ سے مکمل تعاون کریں گے۔ کراچی میں بدامنی پر سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کے بعد ایم کیو ایم کے وفد نے آج رجسٹرار سے ملاقات کی، فاروق ستار کا کہنا ہے اس مسئلے پر عدالت عظمٰی سے ہرطرح کا تعاون کریں گے۔ قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار اور ان کے ڈپٹی حیدر عباس رضوی نے آج سپریم کورٹ کے رجسٹرار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ستار نے عدالت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ کراچی کا امن و استحکام پاکستان کے امن واستحکام کی ضمانت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سپریم کورٹ سے ہر طرح کا تعاون کرے گی اور اسی بنا پر وہ آج سپریم کورٹ پہنچے۔ فاروق ستار نے بتایا کہ کراچی کے حالات پر ایم کیو ایم کے پاس مواد ہے اور وکلاء سے مشاورت کے بعد یہ مواد سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔