3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:35
بینظیر قتل کیس: مشرف کی جائیداد ضبط اور اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم
آج نیوز - راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے اور بنک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نمبر تین کے جج شاہد رفیق نے بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی۔ دوارن سماعت ایف آئی اے کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ پرویز مشرف کی جائیداد کی مزید تفصیلات نہیں مل سکیں جس پر فاضل عدالت نے سابقہ معلومات پر ہی اکتفا کرتے ہوئے پرویز مشرف کی جائیداد جن میں سنگھار ہاؤسنگ سوسائٹی گوادر، ڈی ایچ اے اور چک شہزاد میں واقع فارم ہاؤس کے ساتھ ساتھ مختلف بنکوں میں ایک لاکھ نوے ہزار ڈالر اور سات کروڑ روپے منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔ مقدمے کی آئندہ سماعت دس ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔